شاہ عبدالقادر کا ترجمہ قرآن رومن 1844
آپ نے بہت سے قرآن دیکھے ہوں گے جو عربی میں ہوں گے، ساتھ اردو یا انگریزی یا کسی اور زبان میں ترجمہ ہوگا۔ میں نے امریکا، فرانس، جرمنی، ایران اور سعودی عرب کے کتب خانوں اور عجائب گھروں میں قرآن کے سیکڑوں نسخے دیکھے ہیں۔ مشہد میں امام رضا کے روضے میں قائم میوزیم میں قرآن کے سو سے زیادہ نسخوں کی مستقل نمائش رہتی ہے۔ لیکن قرآن کا ایک نسخہ ایسا دیکھا جیسا دوسرا نہیں پایا۔
یہ 1844 میں الہ آباد میں چھپا اور یقینی طور پر کسی مسیحی نے مرتب کیا لیکن اس پر اپنا نام نہیں دیا۔ اس کے صفحہ اول پر لکھا ہے، قرآن مولوی عبدالقادر کا ترجمہ زبان اردو میں اور حاشیے نصاری مصنف کے۔ خاص بات یہ ہے کہ پوری کتاب، یعنی فہرست، دیباچہ، قران کا ترجمہ، حاشیے، سب کچھ رومن حروف میں ہے۔
لائبریری آف کانگریس میں سیکڑوں قرآن موجود ہیں اور میں نے ان کی فہرست غور سے دیکھی ہے۔ قرآن کے چند نسخوں کے تعارف میں لکھا ہے کہ عربی اور رومن میں، لیکن ابھی ان تک میری رسائی نہیں ہوسکی۔ ایسا ایک نسخہ ترک زبان کا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ مصطفی کمال پاشا کے آنے کے بعد ترکی میں رسم الخط بدل کر رومن کردیا گیا تھا۔ اس اعتبار سے ترک زبان کے نسخہ قرآن کا رومن میں ہونا تعجب کی بات نہیں۔
اگر آپ نے ایسا کوئی اور نسخہ دیکھا ہو تو میری معلومات میں ضرور اضافہ کریں۔ (مبشر علی زیدی)