تحقیق و تدوین کا طریقہ کار

تحقیق و تدوین کا طریقہ کار

 

مصنف : پروفیسر ڈاکٹر خالق داد ملک

 

صفحات: 443

 

تحقیق عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہیں کسی چیز کی اصلیت وحقیقت معلوم کرنے کے لئے چھان بین اور تفتیش کرنا۔اصطلاحا تحقیق کا مطلب ہے  کہ کسی منتخب موضوع کے متعلق چھان بین کر کے کھرے کھوٹے اور اصلی ونقلی مواد میں امتیاز کرنا،پھر تحقیقی قواعد وضوابط کے مطابق اسے استعمال میں لانا اور اس سے نتائج اخذ کرنا ۔ایسا تحقیقی کام سندی تحقیق میں کیا جاتا ہے ،جو ہر مقالہ کی آخری منزل ہوتی ہے۔ترقی یافتہ علمی دنیا میں تحقیقی مقالہ لکھنے یا “رسمیات تحقیق” کو سائنٹیفک اور معیاری بنانے کا کام اور اس پر عمل کا آغاز اٹھارویں صدی ہی میں شروع ہوچکا تھا- چنانچہ حواشی و کتابیات کے معیاری اصول اور اشاریہ سازی کا اہتمام مغربی زبانوں میں لکھی جانے والی کتابوں میں اسی عرصے میں نظر آنے لگا تھا۔ معاشرتی علوم اور ادبیات میں علمی نوعیت کی جدید رسمیات پر مبنی کتابیں اور تحقیقی مجلے اس وقت عام ہونے لگے تھے جب رائل ایشیا ٹک سوسائٹی نے خصوصا تاریخ کے موضوعات پر اپنے مطالعات کو جدید اصولوں کے تحت شائع کرنے کا آغاز کیا اور یورپ کے دیگر ملکوں جیسے جرمنی، اٹلی، فرانس اور ہالینڈ کے تحقیقی اور اشاعتی اداروں نے بھی اس جانب پیش قدمی کی اور اسی زمانے میں خصوصا تحقیق و ترتیب متن کی بہترین کوششیں سامنے آنے لگیں۔لیکن افسوس کہ آج تک اردو میں تحقیق کی رسمیات متفقہ طور پر نہ طے ہو سکیں۔ نہ ان کے بارے میں سوچا گیا اور نہ ہی کوئی مناسب پیش رفت ہوسکی۔ چنانچہ ایک ہی جامعہ میں، بلکہ اس جامعہ کے ایک ہی شعبے میں لکھے جانے والے مقالات باہم ایک دوسرے سے مختلف ہو سکتے ہیں۔ کسی ایک مقالے میں حواشی کسی طرح لکھے جاتے ہیں اور کتابیات کسی طرح مرتب کی جاتی ہے۔ دوسرے مقالے میں ان کے لکھنے اور مرتب کرنے کے اصول مختلف ہوسکتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب” تحقیق وتدوین کا طریقہ کار “پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ عربی کے چیئرمین محترم پروفیسر ڈاکٹر خالق داد ملک صاحب  کی تصنیف ہے۔ جس میں انہوں نے اسی کمی کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔یہ کتاب انہوں نے انسانی ومعاشرتی علوم میں بحث وتحقیق سے دلچسپی رکھنے والے اساتذہ کرام کے لئے بالعموم اور عربی واسلامی میں کے اساتذہ ومحققین کے لئے بالخصوص بحث وتحقیق کے مناہج سے متعلق تیار کی ہے۔اس کتاب کے دو ابواب ہیں۔پہلے باب میں مقالہ نگاری کے قواعد ومناہج بیان کئے گئے ہیں جبکہ دوسرا باب مخطوطات کی تحقیق وتدوین کے قواعد ومناہج کے متعلق ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اوران کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین

 

عناوین صفحہ نمبر
پیش لفظ 15
باب اول علمی بحث و تحقیق کے مناہج 19
فصل اول علمی تحقیق کی اقسام 27
فصل ثانی علمی تحقیق کے بنیادی عناصر 39
فصل ثالث محقق کی خصوصیات اور نگران تحقیق 43
فصل رابع کتب خانے 51
فصل خامس مقالہ نگاری کے مراحل 67
فصل سادس مقالہ کی کمپوزنگ ، تصحیح اور آخری کتابی شکل 149
باب ثانی محفوطات کی تدوین کا طریقہ کار 161
فصل اول تدوین مخطوطہ کے ابتدائی مراحل 193
فصل ثانی مخطوطہ کے متن کی تدوین 199
فصل ثالث تدوین مخطوطہ کے تکمیلی و اختتامی مراحل 213
ملحقات و ضمیمہ جات 227

ڈاؤن لوڈ 1
ڈاؤن لوڈ 2
8.6 MB ڈاؤن لوڈ سائز

You might also like