استحکام مملکت اور بد امنی کا انسداد (تعلیمات نبوی کی روشنی میں)

استحکام مملکت اور بد امنی کا انسداد (تعلیمات نبوی کی روشنی میں)

 

مصنف : ڈاکٹر حافظ محمود اختر

 

صفحات: 147

 

اس روئے ارض پر انسانی ہدایت کے لیے حق تعالیٰ نے جن برگزیدہ بندوں کو منتخب فرمایا ہم انہیں انبیاء ورسل﷩ کی مقدس اصطلاح سے یاد رکرتے ہیں اس کائنات کے انسانِ اول اور پیغمبرِاول ایک ہی شخصیت حضرت آدم ﷤ کی صورت میں فریضۂ ہدایت کےلیے مبعوث ہوئے ۔ اور پھر یہ کاروانِ رسالت مختلف صدیوں اور مختلف علاقوں میں انسانی ہدایت کے فریضے ادا کرتے ہوئے پاکیزہ سیرتوں کی ایک کہکشاں ہمارے سامنے منور کردیتاہے ۔درخشندگی اور تابندگی کے اس ماحول میں ایک شخصیت خورشید جہاں تاب کی صورت میں زمانےاور زمین کی ظلمتوں کو مٹانے اورانسان کےلیے ہدایت کا آخری پیغام لے کر مبعوث ہوئی جسے محمد رسول اللہ ﷺ کہتے ہیں ۔ آج انسانیت کےپاس آسمانی ہدایت کا یہی ایک نمونہ باقی ہے۔ جسے قرآن مجید نےاسوۂ حسنہ قراردیا اور اس اسوۂ حسنہ کےحامل کی سیرت سراج منیر بن کر ظلمت کدۂ عالم میں روشنی پھیلارہی ہے ۔ رہبر انسانیت سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ قیامت تک آنے والےانسانوں کےلیے’’اسوۂحسنہ‘‘ ہیں ۔ حضرت محمد ﷺ ہی اللہ تعالیٰ کے بعد ،وہ کامل ترین ہستی ہیں جن کی زندگی اپنے اندر عالمِ انسانیت کی مکمل رہنمائی کا پور سامان رکھتی ہے ۔ سیرت طیبہ ایک ایسا چشمۂ فیض ہے جو ہردور میں انسانوں کے لیے مینارۂ نور کی حیثیت رکھتا ہے اس چشمہ صافی سے اربوں انسانوں کی تاریک زندگیوں کوروشنی فراہم ہوئی لوگوں نے آپ ﷺ کی حیات طیبہ اور تعلیمات نبویﷺ پر جس محبت اور خلوص کے ساتھ لکھا ہے وہ آپ ﷺکی ذاتِ گرامی کےساتھ ہی مخصوص ہے ۔ گزشتہ چودہ صدیوں میں اس ہادئ کامل ﷺ کی سیرت وصورت پر ہزاروں کتابیں اورلاکھوں مضامین لکھے جا چکے ہیں ۔اورکئی ادارے صرف سیرت نگاری پر کام کرنے کےلیےمعرض وجود میں آئے ۔اور پورے عالمِ اسلام میں سیرت النبی ﷺ کے مختلف گوشوں پر سالانہ کانفرنسوں اور سیمینار کا انعقاد کیا جاتاہے   جس میں مختلف اہل علم اپنے تحریری مقالات پیش کرتے ہیں۔ ہنوذ یہ سلسلہ جاری وساری ہے ۔آج کے دور میں مسلمان گوناں گوں مسائل سے دوچار ہیں ۔ ان مسائل میں سے ایک بنیادی مسئلہ مسلمانوں میں وحدت ویگانگت کا فقدان ہے۔ اس بات کی ضرورت ہے کہ لوگوں کو اس بات سے آگاہ کیا جائے کہ نبی کریم ﷺ کےساتھ ہمارا تعلق محض اس قدر ہی نہیں ہے کہ آپ ﷺ کے ساتھ وارفتگی کے ساتھ محبت کریں۔ یہ تعلق انسان کی بہت بڑی متاع ہے لیکن محبت کا حق اس وقت ادا ہوگا جب آپ کے اسوۂ احسنہ کوہم اپنی عملی زندگیوں میں بھی زیر عمل لائیں گے ۔نبی کریم ﷺ نے روز مرہ زدندگی کے جو اصول ہمیں دئیے ہیں ہم ان پر بڑی آسانی سے عمل کرسکتے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’استحکامِ مملکت اور بدامنی کا انسداد تعلیماتِ نبویﷺ کی روشنی میں ‘‘ ڈاکٹر حافظ محمود اخترصاحب (سابق چیئر مین شبعہ علوم اسلامیہ ،پنجاب یونیورسٹی ،لاہور) کی کاوش ہے اس کتاب میں انہوں نے اتحاد ویگانگت کےموضوع پر احادیث نبویہ یکجا کرنے کی کوشش کی ہے۔ اتحاد ویگانگت پیدا کرنے کے لیے سیرت طیبہ کے فکری وعملی دونوں پہلو پیش کیے ہیں ۔اسلامی حکومت پر اتحاد ویگانگت پیدا کرنے کے حوالے سے جوذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں ۔اور جو ایک اسلامی حکومت کے لیے ’’راہنما اصول ‘‘ کی حیثیت رکھتی ہیں ان کا ذکر بھی اختصار کےساتھ کیا ہے ۔ اور سب سے اہم بات کہ بدامنی اورفتنہ وفساد کا انسداد کس طرح کیا جاسکتاہے اور اس سلسلے میں سیرت طیبہ میں کیا لائحہ عمل دیاگیا ہے اس پر قلم اٹھانے کی کوشش کی ہے ۔اللہ تعالیٰ مصنف کی اس کاوش کوقبول فرمائے اور ہمیں اپنی زندگیوں کوسیرت طیبہ کے سنہری اصولوں کے مطابق بسر کرنے کی توفیق دے ۔(آمین)

 

عناوین صفحہ نمبر
حرف آغاز
پہلا باب: معاشرتی وحدت اور تعلیمات نبوی 1
دوسرا باب: انسانی حقوق کا تحفظ اور قیام امن 43
تیسرا باب: قیام وحدت کے لیے نبی کریمﷺ کی عملی کوشش 56
چوتھا باب: استحکامِ مملکت کے لیے حکومتی ذمہ داریاں 77
پانچواں باب: فساد و بد امنی کا انسداد حدیث نبویؐ کی روشنی میں 101

ڈاؤن لوڈ 1
ڈاؤن لوڈ 2
2.7 MB ڈاؤن لوڈ سائز

You might also like